چلڈرن ہسپتال،زائد قیمتیں وصول کرنے پر کینٹین سربمہر

چلڈرن ہسپتال،زائد قیمتیں وصول کرنے پر کینٹین سربمہر

کینٹینز اور مجموعی انتظامات کی باقاعدہ مانیٹرنگ کو یقینی بنانے کی ہدایت

ملتان (وقائع نگار خصوصی)چلڈرن ہسپتال ملتان کے ایمرجنسی گیٹ کے باہر زائد قیمتیں وصول کرنے والی کینٹین کو سربمہر کردیا گیا۔کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے چلڈرن ہسپتال ملتان کا اچانک دورہ کیا اور ایمرجنسی، نوزائیدہ، میڈیکل وارڈز اور پیتھالوجی لیبارٹری سمیت مختلف شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر سٹی کو ہدایت کی کہ ہسپتال کینٹینز اور مجموعی انتظامات کی باقاعدہ مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے ۔کمشنر عامر کریم خاں نے وارڈز کی صفائی اور مجموعی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا تاہم راہداریوں اور ہسپتال کے باہر صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ایمرجنسی گیٹ کے باہر تجاوزات اور غیر قانونی پارکنگ کے فوری خاتمے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ رکشوں اور ریڑھیوں کو ہٹوا کر مسلسل سرپرائز انسپکشن کے ذریعے نگرانی کی جائے ۔دورے کے موقع پر کمشنر ملتان نے مریض بچوں کے لواحقین سے گفتگو کی، جس پر والدین نے علاج معالجے اور فراہم کی جانے والی سہولیات پر اعتماد کا اظہار کیا۔ کمشنر نے واضح کیا کہ چلڈرن ہسپتال میں تمام ادویات ہسپتال کی جانب سے فراہم کی جا رہی ہیں اور باہر کی ادویات پر مکمل پابندی عائد ہے ۔انہوں نے اضافی تیمارداروں کے لیے مزید سایہ دار انتظار گاہوں کی ضرورت پر زور دیا اور ہدایت کی کہ اس ضمن میں فوری اقدامات کیے جائیں۔ مزید برآں، کمشنر عامر کریم خاں نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کو ہدایت کی کہ ادویات اور آکسیجن کی بلا تعطل فراہمی کے لیے فوری فنڈز کے حصول کے سلسلے میں حکومت پنجاب کو مراسلہ ارسال کیا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں