این او سی ، لائسنس فیس میں اضافہ، کتابیں مہنگی ہونے کا امکان

این او سی ، لائسنس فیس میں اضافہ، کتابیں مہنگی ہونے کا امکان

پرائیوٹ سکولوں کی کتابیں چالیس سے پچاس فیصد تک مہنگی ہوسکتی ہیں،پبلشرز

ملتان (خصوصی رپورٹر) این او سی اور لائسنس کی فیس میں حالیہ اضافے کے بعد کتابوں کی قیمتوں میں اضافہ ہونے کا امکان بڑھ گیا ہے ۔ پبلیشرز نے عندیہ دیا ہے کہ پرائیوٹ سکولوں کے لیے چھاپی جانے والی کتابیں 40 سے 50 فیصد تک مہنگی ہو سکتی ہیں۔پبلیشرز کے مطابق این او سی اور لائسنس کی فیس میں اضافہ کرنے کے بعد اخراجات اتنے بڑھ گئے ہیں کہ بغیر قیمت بڑھائے کتابیں چھاپنا ممکن نہیں رہا۔ کتابوں کے این او سی کے لائسنس کی فیس 20 ہزار روپے سے بڑھا کر ڈیڑھ لاکھ روپے کر دی گئی ہے جبکہ لائسنس کی تجدید کی فیس 5 ہزار روپے سے بڑھا کر 75 ہزار روپے کر دی گئی ہے ۔ماہرین کے مطابق کتابوں کی قیمت میں یہ اضافہ نہ صرف پرائیوٹ سکولوں پر اثر ڈالے گا بلکہ والدین پر بھی مالی بوجھ بڑھا سکتا ہے ۔ اس فیصلے کے بعد طلبہ اور والدین کو نصابی اور اضافی کتابوں کے لیے زیادہ رقم خرچ کرنا پڑے گی۔پبلیشرز کا کہنا ہے کہ وہ حکومت کی جانب سے مقرر کردہ نئی فیس کے مطابق کتابیں چھاپنے کے علاوہ اور کوئی چارہ نہیں رکھتے ، اور اس وجہ سے قیمتیں بڑھانا ناگزیر ہو گئی ہیں۔ تعلیمی حلقوں نے والدین اور سکول انتظامیہ کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اس اضافے کے لیے پہلے سے منصوبہ بندی کریں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں