ڈاکٹر کی جعلی سٹیمپ سے سامان چوری کرنیوالا نوسر باز گرفتار
ملزم سے بھاری مقدار میں ٹیکے ، جعلی مہریں، پرچیاں اور دیگر سامان برآمد
ملتان(لیڈی رپورٹر) نشتر ہسپتال ملتان انتظامیہ نے ڈاکٹر کی جعلی سٹیمپ استعمال کر کے ادویات اور ٹیکے چوری کرنیوالا نوسرباز پکڑ کرپولیس کے حوالے کر دیا،بھاری مقدار میں ٹیکے ، جعلی مہریں، پرچیاں اور دیگر سامان برآمد ۔تفصیل کے مطابق نشتر ہسپتال ملتان کے ایم ایس ڈاکٹر راؤ امجد کو انٹیلی جنس ونگ نے اطلاع دی کہ ایک نوسرباز ڈاکٹر کی جعلی سٹیمپ اور پرچی بنا کر شعبہ ایمرجنسی سے ٹیکہ جات سمیت دیگر سامان حاصل کر کے رفو چکر ہو جاتا ہے ، تین یوم قبل اطلاع پر ایم ایس نشتر ڈاکٹر راؤ امجد علی خاں نے چیف سکیورٹی آفیسر محمد ارشاد کو نوسرباز کو پکڑنے کا ٹاسک دیا ۔چیف سکیورٹی افسر نے ایم ایس نشتر ڈاکٹر راؤ امجد علی خاں کی اور اے ایم ایس ایڈمن ڈاکٹر عبد القادر کی ہدایات کے مطابق سفید پارچہ جات میں مختلف مقامات پر ٹیمیں تشکیل دیں۔ ریکی کے دوران شعبہ حادثات کی فارمیسی سے شیخ ناصر نامی نوسرباز کو رنگے ہاتھوں حراست میں لے لیا گیا ۔ترجمان نشتر ہسپتال راؤ نوشاد کے مطابق حراست میں لئے گئے نوسرباز کو فوری متعلقہ تھانہ کی پولیس کے حوالے کر دیا گیا ۔اس کارروائی میں نشتر سکیورٹی کے محمد نواز، محمد عامر، سرفراز احمد، محمد کلیم اور دیگر نے حصہ لیا جبکہ ایم ایس نشتر ہسپتال ڈاکٹر راؤ امجد کا کہنا تھا کہ کسی کو غریب مریضوں کا حق کھانے کی اجازت نہیں دونگا۔