سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجے کا معیار بہترکرنیکی ہدایت

سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجے کا معیار بہترکرنیکی ہدایت

ڈی سی کا شہباز شریف ہسپتال کا دورہ،بہتر طبی سہولتوں اور صفائی کا جائزہ

ملتان (لیڈی رپورٹر)ڈپٹی کمشنر ملتان محمد نعمان صدیق نے شہباز شریف ہسپتال کا دورہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران انہوں نے مختلف وارڈز، ایمرجنسی، او پی ڈی اور لیبارٹری کا معائنہ کیا جبکہ صفائی ستھرائی، ادویات کی دستیابی، طبی آلات اور عملے کی حاضری کو بھی چیک کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال میں زیر علاج مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کی، علاج معالجے ، ادویات اور سہولیات سے متعلق دریافت کیا اور ان کے مسائل سنے ۔ انہوں نے مریضوں کو ہر ممکن بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔اس موقع پر ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے ڈپٹی کمشنر کو مجموعی کارکردگی، مریضوں کی تعداد، دستیاب سہولیات اور جاری ترقیاتی اقدامات پر بریفننگ دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے ہدایت کی کہ سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجے کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے اور مریضوں کو بلاامتیاز معیاری سہولیات فراہم کی جائیں۔انہوں نے واضح کیا کہ ادویات کی کمی، غفلت یا بدانتظامی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور عوامی فلاح سے متعلق اداروں میں بہتری کے لیے مانیٹرنگ کا عمل مسلسل جاری رکھا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں