ہیڈ اسلام سے گراؤنڈ واٹر ریچارج منصوبے کا افتتاح
زیر زمین پانی کی سطح بہتر بنانے کیلئے اولڈ میلسی کینال استعمال ہوگی15 کلومیٹر کے علاقے میں پانی کی سطح بہتر ہوگی:صوبائی وزیر کی گفتگو
وہاڑی (خبرنگار ) زیرِ زمین پانی کی تیزی سے گرتی سطح کو بحال کرنے کیلئے ہیڈ اسلام پر اولڈ میلسی کینال کے ذریعے گراؤنڈ واٹر ریچارج منصوبہ افتتاح کیا گیا، جس کی قیادت صوبائی وزیر آبپاشی کاظم علی پیرزادہ نے کی۔منصوبے کے تحت ہیڈ اسلام سے سیلابی پانی کو اولڈ میلسی کینال میں منتقل کر کے زیرِ زمین ذخیرہ کیا جائے گا۔ حالیہ سیلاب کے دوران بارہ ہزار ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کیا گیا، جس سے پانی کی سطح پانچ فٹ سے زائد بلند ہوئی۔ چیف انجینئر محکمہ انہار چوہدری اکرم کے مطابق ضلع میں زیرِ زمین پانی کی سطح 25 فٹ سے کم ہو کر 80فٹ تک جا پہنچی تھی، لیکن منصوبے کے ٹرائل سے سطح پانچ سے گیارہ فٹ تک بحال ہوئی ہے ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پندرہ کلومیٹر کے علاقے میں پانی کی سطح بہتر ہوگی، ٹیوب ویلوں کی کارکردگی میں اضافہ ہوا اور پینے کے پانی کی دستیابی بہتر ہوئی۔ منصوبے کے تحت چالیس کنوئیں تعمیر کیے گئے ہیں اور مزید ریچارج منصوبے شروع کئے جائینگے ۔ افتتاحی تقریب میں محکمہ آبپاشی کے سینئر افسران اور معززین نے شرکت کی اور دریا کے کنارے پودے لگائے گئے ۔