کمشنر ڈیرہ کا مظفرگڑھ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ
بیوٹیفکیشن اور ہسپتال سہولیات کا جائزہ، شہر کو صاف اور خوبصورت بنانے پر زور
مظفرگڑھ(سٹی رپورٹر)کمشنر ڈی جی خان ڈویژن اشفاق احمد چودھری کا دورہ، بیوٹیفکیشن اور صحت سہولیات کا جائزہ ۔تفصیل کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر کمشنر ڈی جی خان ڈویژن اشفاق احمد نے مظفرگڑھ کا دورہ کیا، شہر میں جاری ترقیاتی و بیوٹیفکیشن منصوبوں اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔کمشنر نے شرمپ فارم، کچہری چوک، قنوان چوک، سہولت بازار اور مختلف مقامات پر تعمیر ہونے والے بس شیلٹرز کا معائنہ کیا اور شہر کی خوبصورتی کے لیے جاری اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ عثمان طاہر جپہ اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس و ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ انعم حفیظ نے کمشنر کو جاری منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی ۔کمشنر اشفاق احمد نے کہا کہ شہر کی بیوٹیفکیشن کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ،بیوٹیفکیشن و ترقیاتی کاموں کی رفتار اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،بعد ازاں کمشنر نے ضلعی ہسپتال کا دورہ کیا،مختلف وارڈز کا معائنہ کیا،مریضوں کی عیادت کی اور لواحقین سے طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔انہوں نے ہدایت کی کہ مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور ڈاکٹرز و پیرا میڈیکل سٹاف ڈیوٹی اوقات میں حاضری ہر صورت یقینی بنائے ۔