تجاوزات مافیا کے خلاف بلا امتیاز کریک ڈاؤن کا فیصلہ

تجاوزات مافیا کے خلاف بلا امتیاز کریک ڈاؤن کا فیصلہ

تجاوزات کا خاتمہ ضروری،انتظامیہ سے تعاون کریں گے ،تاجر برادری

وہاڑی (نمائندہ خصوصی)تجاوزات مافیا کے خلاف بلا امتیاز کریک ڈاؤن کا فیصلہ ،آپریشن میں تیزی آئی گئی۔ ڈی پی او وہاڑی تصور اقبال کی ہدایت پر ڈی ایس پی صدر سرکل محمد رضوان خان کی زیر صدارت تجاوزات کے خلاف اجلاس ہوا جس میں مرکزی انجمن تاجران وہاڑی کے عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس میں تجاوزات کے خاتمے اور حکومتی ایس او پیز پر عمل درآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ڈی ایس پی صدر سرکل نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے مطابق صوبہ بھر کی طرح ضلع وہاڑی میں بھی روزانہ کی بنیاد پر تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے ۔ اس سلسلے میں شہر کی مین شاہراؤں اور بازاروں میں خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ۔بعد ازاں ڈی ایس پی محمد رضوان خان نے ڈی ایس پی ٹریفک ظفرالقدوس، ڈی ای او پیرا فورس وقاص انجم، سیکرٹری آر ٹی اے کامران انور اور تاجر رہنماؤں کے ہمراہ شہر کی مرکزی سڑکوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے دکانداروں کو تجاوزات ختم کرنے اور حکومتی ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کی ہدایت کی۔اس موقع پر پولیس اور ٹریفک حکام نے واضح کیا کہ تجاوزات قائم رکھنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔ تاجر رہنماؤں نے بھی انتظامیہ سے تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ شہر کی خوبصورتی اور عوامی سہولت کے لیے تجاوزات کا خاتمہ ضروری ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں