خانیوال:امن و امان برقرار رکھنے کیلئے اجلاس کا انعقاد
ضلعی انتظامیہ و پولیس نے علماء اور کمیٹی ممبران سے مشاورت کی
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار ) ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے حالیہ عالمی و ملکی صورتحال کے پیش نظر امن و امان برقرار رکھنے کے لیے متحرک اقدامات کیے ۔ ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید کی زیر صدارت شعیہ مسلک کی سرکردہ شخصیات اور ضلعی امن کمیٹی کے ممبران سے میٹنگز منعقد کی گئیں۔شرکاء نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی مبینہ حملے میں شہادت پر اظہار رنج و غم کیا اور آپریشن غضب الحق میں پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کے عزم کا اعادہ کیا۔ شرکاء نے ضلعی انتظامیہ کو امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کروائی۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل غلام مصطفی سیہڑ اور ایس پی انویسٹی گیشن جان محمد بھی موجود تھے ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ اور پولیس امن و امان کی صورتحال کو مانیٹر کر رہی ہے اور ضلع میں امن برقرار رکھنے میں علماء و مشائخ کا کردار مثالی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ صوبہ بھر کی طرح ضلع خانیوال میں بھی دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے اور اردگرد کے علاقوں کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پر بھی کڑی نظر رکھی جائے گی۔ شرپسندوں کی نشاندہی کی جائے گی اور امن و امان برقرار رکھنا ہم سب کا مشترکہ فرض ہے ۔