میٹرک کے ناکام طلبہ کو ہنر مند بنانے کا فیصلہ
طلبہ مختلف تکنیکی اور ووکیشنل شعبہ جات میں داخلہ لے سکتے ہیں
ملتان (خصوصی رپورٹر) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ملتان نے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ امتحانات 2025 میں فیل ہونے والے طلبہ کو ہنر مند بنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے اہم ہدایات جاری کر دی ہیں۔کنٹرولر امتحانات کی جانب سے جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ میٹرک کے سالانہ امتحان 2025 میں شریک امیدوار امتحانات کے بعد فنی تعلیم اور ہنر مندی کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔ طلبہ مختلف تکنیکی اور ووکیشنل شعبہ جات میں داخلہ لے سکتے ہیں، جن کے لیے حکومت کی جانب سے متعدد پروگرامز متعارف کرائے گئے ہیں۔اعلامیے کے مطابق طلبہ محکمہ پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ اینڈ انٹر پرینیور ڈیپارٹمنٹ کے آن لائن پورٹل پر جا کر رجسٹریشن مکمل کریں۔ ان کورسز کے ذریعے نوجوان مختلف ٹریڈز میں مہارت حاصل کر کے روزگار کے بہتر مواقع حاصل کر سکتے ہیں۔بورڈ حکام نے اساتذہ اور تعلیمی اداروں کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ طلبہ کی رہنمائی کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان فنی تعلیم سے مستفید ہو سکیں۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جدید دور کے تقاضوں کے مطابق ہنر کا حصول ناگزیر ہے اور حکومت پنجاب نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے سکل ڈویلپمنٹ کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔