ٹریفک پولیس کی ناکامی حادثات میں خطرناک اضافہ
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) شہر میں ٹریفک پولیس کی ناقص کارکردگی کے باعث روزانہ کی بنیاد پر ٹریفک حادثات میں تشویشناک اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے ۔۔۔۔
گزشتہ روز جسونت نگر چوک پر پیش آنے والے ایک بڑے حادثے میں ایک نوجوان جان کی بازی ہار گیا، جس کے بعد شہریوں میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہو گئی۔شہریوں احمد، وحید، نور، سمیع، ذیشان اور منور نے کہا کہ خانیوال سٹی میں ٹریفک کا نظام مکمل طور پر درہم برہم ہو چکا ہے ۔ اہم چوراہوں پر ٹریفک اہلکار صرف چالان کرنے تک محدود ہیں جبکہ ٹریفک کی روانی بہتر بنانے اور حادثات کی روک تھام کے لیے عملی اقدامات نظر نہیں آتے ۔مقامی افراد کے مطابق اعوان چوک سمیت متعدد اہم مقامات پر ٹریفک پولیس کی غیر موجودگی کے باعث ٹریفک جام اور حادثات معمول بن چکے ہیں۔ شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، ایڈیشنل آئی جی ٹریفک پولیس، آر پی او ملتان اور خانیوال ڈی پی او سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری نوٹس لیتے ہوئے شہر کے تمام مصروف چوراہوں پر نفری تعینات کی جائے تاکہ انسانی جانوں کے ضیاع کو روکا جا سکے ۔شہریوں نے مزید کہا کہ اگر ٹریفک نظام کو بہتر نہ بنایا گیا تو حادثات کی شرح میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ ، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔