ایف آئی اے :حوالہ ہنڈی سمیت غیر قانونی کاروبار پر ایکشن
سرکاری ملازم سے رشوت، افغان باشندے ، حوالہ ہنڈی کے چار ملزم گرفتار
ملتان (کرائم رپورٹر)فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے ) زون ملتان نے بہاولپور میں تین مختلف مقامات پر کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث چار افراد کو گرفتار کر کے مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور اور ڈائریکٹر ایف آئی اے ملتان کی ہدایت پر ٹیم نے ٹریپ ریڈ کے دوران محمد عبد القادر حسن کھرل، ملازم نیشنل ایوی ایشن سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک (NASTP) کو دو لاکھ روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا۔دوسری کارروائی میں خانپور لنڈا بازار سے دیوا خان ولد حضرت خان اور نجیب اللہ ولد دیوا خان کو حراست میں لیا گیا، جنہوں نے پاکستانی شہریت کے ثبوت پیش کرنے میں ناکامی ظاہر کی اور اعتراف کیا کہ وہ غیر قانونی طور پر پاکستان میں مقیم افغان شہری ہیں۔تیسری کارروائی میں حوالہ ہنڈی میں ملوث محمد جاوید ولد اللہ دتہ کو گرفتار کیا گیا۔ اس کے قبضے سے حوالہ آرڈرز، بینک ریکارڈ، اے ٹی ایم کارڈ اور موبائل فون برآمد ہوئے ، جن میں غیر قانونی ہنڈی/حوالہ کاروبار کی تفصیلات موجود تھیں۔