حکومت کا طلبہ کے لئے سپوکن کلاسز شروع کرنیکا فیصلہ
بتدائی مرحلے میں 344 سکولوں کے 42 ہزار طلبہ اور 3 ہزار اساتذہ شامل
ملتان (خصوصی رپورٹر)حکومت پنجاب نے طلبہ کی تعلیمی صلاحیتوں اور خصوصاً انگریزی بولنے کی مہارت کو بہتر بنانے کے لئے صوبے بھر میں سپوکن کلاسز شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ابتدائی مرحلے میں 344 سرکاری سکولوں کے 42 ہزار 614 طلبہ اور 3 ہزار 566 اساتذہ کو یہ کلاسز فراہم کی جائیں گی۔اس پروگرام کا مقصد طلبہ میں انگریزی بولنے اور مؤثر انداز میں اظہار خیال کی صلاحیت کو فروغ دینا ہے تاکہ وہ جدید تعلیمی اور پیشہ ورانہ تقاضوں کے مطابق بہتر طور پر تیار ہو سکیں۔ منتخب سکولوں کے اساتذہ کو بھی خصوصی تربیت دی جائے گی تاکہ وہ طلبہ کو عملی اور جدید طریقوں سے زبان سیکھنے میں مدد فراہم کر سکیں۔اساتذہ کو جدید تدریسی طریقوں سے آگاہ کیا جائے گا جبکہ طلبہ کے لئے عملی سپوکن سیشنز کا انعقاد کیا جائے گا۔ ان کلاسز میں طلبہ مکالمے ، گروپ سرگرمیاں اور عملی مشقوں کے ذریعے انگریزی بولنے کی تربیت حاصل کریں گے ۔تعلیمی حکام کا کہنا ہے کہ آئندہ مرحلے میں پروگرام کو مزید وسعت دی جائے گی اور پانچ لاکھ طلبہ کو سپوکن کلاسز فراہم کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے ۔ اس مقصد کے لئے مزید سکولوں کو پروگرام میں شامل کیا جائے گا اور اساتذہ کی تربیت جاری رہے گی۔