مویشی منڈی شاہجمال میں ناجائز ٹیکس اور مہنگا گوشت فروخت
شہریوں کا احتجاج، اصلاح احوال اور ضلعی انتظامیہ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ
مونڈکا (نامہ نگار) مویشی منڈی شاہجمال میں شہریوں نے ناجائز ٹیکس وصولیوں اور مہنگے گوشت کی فروخت کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ مظاہرین میں جواد احمد، محمد یاسین، جعفر حسین خان، منیب الرحمان خان، محمد سرفراز اور مجیب الرحمان خان شامل تھے ۔شہریوں نے بتایا کہ مویشی منڈی کے ٹھیکیدار بیوپاریوں اور غریب مویشی پال حضرات سے غیر قانونی وصولیاں کر رہے ہیں۔ چھوٹے جانور پر سات سو روپے اور بڑے جانور پر 3500 روپے کا ناجائز ٹیکس عائد کیا جا رہا ہے ۔ اس دوران قصائیوں نے خود ساختہ طور پر گوشت کا ریٹ 1300 روپے کر دیا، جو شہریوں کے لیے ناقابل برداشت ہے ۔میڈیا میں معاملہ ہائی لائٹ ہونے پر اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑھ نے رسمی کارروائی کرتے ہوئے قصائیوں پر جرمانے عائد کیے ، تاہم بعد ازاں دوبارہ لوٹ مار شروع ہو گئی۔ مظاہرین اور بیوپاریوں نے الزام لگایا کہ ضلعی و تحصیل انتظامیہ اس معاملے پر خاموش ہے اور شہریوں کو مافیا کے حوالے کر رکھا ہے ۔شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، کمشنر ڈیرہ غازیخان ڈویژن اور محکمہ لائیو سٹاک سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری نوٹس لیں اور شہریوں کو انصاف فراہم کریں۔