کنگ سلمان امدادی مہم مکمل،22 ہزار ونٹر کٹس تقسیم

کنگ سلمان امدادی مہم مکمل،22 ہزار ونٹر کٹس تقسیم

سرد اور برف باری سے متاثرہ علاقوں میں مستحق خاندانوں کو امداد فراہم

کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر) کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کی جانب سے پاکستان میں موسم سرما کی سالانہ امدادی مہم کامیابی کے ساتھ مکمل کر لی گئی جس کے تحت ملک کے مختلف سرد اور برف باری سے متاثرہ علاقوں میں ہزاروں مستحق خاندانوں کو امداد فراہم کی گئی۔تفصیلات کے مطابق مہم کے دوران ملک کے 28 اضلاع میں مجموعی طور پر 22 ہزار ونٹر کٹس تقسیم کی گئیں جس سے 151 ہزار سے زائد افراد مستفید ہوئے ۔ امدادی کٹس میں دو پالئیے سٹر رضائیاں، مرد و خواتین کے لیے گرم شالیں اور بچوں و بڑوں کے لیے گرم ملبوسات شامل تھے ۔امدادی مہم کا مقصد شدید سردی کے دوران کمزور اور مستحق طبقات کو ریلیف فراہم کرنا تھا تاکہ وہ سرد موسم کے اثرات سے محفوظ رہ سکیں۔مہم کی شفافیت اور مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز، محکمہ ریلیف و بحالی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، مقامی انتظامیہ اور حیات فاؤنڈیشن کے ساتھ قریبی تعاون کیا گیا۔کنگ سلمان ریلیف سینٹر کے مطابق یہ اقدام پاکستان میں انسانی ہمدردی اور فلاحی خدمات کے عزم کی عکاسی کرتا ہے اور مستقبل میں بھی ضرورت مند افراد کی مدد جاری رکھی جائے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں