پٹرول کی مصنوعی قلت، پمپوں پر رش، انتظامیہ متحرک
ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت کارروائی کا حکم،کریک ڈاؤن شروع کردیا گیا
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) شہر میں پٹرولیم مصنوعات کی مصنوعی قلت کے باعث پٹرول پمپوں پر شہریوں کا رش بڑھ گیا جبکہ بعض پمپ مالکان نے فروخت محدود کر دی جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔حکومت پنجاب اور آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی کی ہدایات پر ضلع کوٹ ادو میں بھی کارروائی شروع کر دی گئی ہے ۔ ڈپٹی کمشنر کوٹ ادو بیرسٹر بلال سلیم نے ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنرز اور سب ڈویژنل آفیسر پیرا کو خصوصی ٹاسک دیا ہے کہ وہ پٹرول پمپوں اور ذخیرہ گاہوں کی کڑی نگرانی کریں۔اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر کوٹ ادو فرخ محمود نے ایس ڈی او پیرا ملک اقبال لانگ کے ہمراہ مختلف پٹرول پمپوں پر چھاپے مارے اور وہاں موجود پٹرول کے پیمانے اور اسٹاک چیک کیا۔ انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ مصنوعی قلت پیدا کرنے والے پمپ مالکان اور غیرقانونی طور پر پٹرول ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔انتظامیہ نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ ملک میں پٹرول کے وافر ذخائر موجود ہیں اس لیے غیر ضروری خریداری سے گریز کریں تاکہ کسی قسم کی پریشانی پیدا نہ ہو۔