ماہڑہ قبرستان چاردیواری سے محروم، شہریوں میں تشویش
حفاظتی انتظام نہ ہونے سے آوارہ جانوروں کی آمد و رفت، قبروں کی بے حرمتی
ماہڑہ (نامہ نگار) ماہڑہ کے مرکزی قبرستان کا کچھ حصہ تاحال چاردیواری سے محروم ہے جس کے باعث شہریوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے ۔ اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ قبرستان جیسے مقدس مقام کے گرد مناسب حفاظتی انتظام نہ ہونے سے قبروں کے تقدس کو خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق قبرستان کے اطراف خصوصاً مین بائی پاس اور عقب ہسپتال کی جانب چاردیواری موجود نہیں، جس کی وجہ سے آوارہ جانوروں کی آمد و رفت معمول بن چکی ہے ۔ مقامی افراد کے مطابق اس صورتحال کے باعث قبروں کو نقصان پہنچنے اور بے حرمتی کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ قبرستان وہ جگہ ہے جہاں لوگ اپنے پیاروں کو سپرد خاک کرتے ہیں، اس لیے اس مقام کا احترام اور حفاظت یقینی بنانا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے ۔اہل علاقہ نے بتایا کہ ماضی میں سڑک کی تعمیر کے دوران کرین کے ذریعے قبرستان کی زمین سے مٹی اٹھائی گئی تھی جس کے باعث کئی گڑھے بن گئے تھے جو آج بھی موجود ہیں۔ ان گڑھوں کی وجہ سے بھی قبرستان کی حالت مزید خراب ہو رہی ہے ۔مقامی شہریوں کے مطابق اس مسئلے کے حل کے لیے متعدد بار بلدیاتی اداروں اور متعلقہ انتظامیہ کو تحریری اور زبانی طور پر آگاہ کیا گیا مگر تاحال کوئی عملی اقدام نہیں کیا گیا۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ اور اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑھ سے مطالبہ کیا ہے کہ قبرستان کے گرد فوری طور پر چاردیواری تعمیر کرائی جائے تاکہ اس مقدس مقام کا تقدس بحال ہو اور عوام کو ذہنی سکون مل سکے ۔ شہریوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو وہ احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے ۔