میپکو ٹیم پر حملہ، بجلی چوروں کا یرغمال بناکر تشدد
رحیم آباد سب ڈویژن دو واقعات، کارسرکار میں مداخلت پر مقدمات
ملتان (خصوصی رپورٹر) ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) رحیم آباد سب ڈویژن صادق آباد کی ٹیموں پر بجلی چوروں اور نادہندگان نے حملہ کر دیا۔ دو مختلف واقعات میں میپکو اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور ایک موقع پر عملے کو یرغمال بھی بنا لیا گیا۔ دونوں واقعات کے مقدمات تھانہ احمد پور لمہ میں درج کر لئے گئے ہیں۔ایگزیکٹو انجینئر آپریشن میپکو صادق آباد ڈویژن محسن نذیر کھوسہ کے مطابق میپکو رحیم آباد سب ڈویژن کے میٹر ریڈر فہیم الدین اور لائن سپرنٹنڈنٹ گریڈ فرسٹ سید افتخار علی بستی عبدالعزیز کھوکھر میں ریکوری کے لئے گئے جہاں صارف خلیل احمد کے ذمے محکمہ کے 16 لاکھ 10 ہزار روپے واجبات تھے ۔ جب عملے نے بل ادا کرنے کا کہا تو خلیل احمد نے پانچ دیگر افراد کے ہمراہ میپکو عملے کو یرغمال بنا کر بیٹھک میں بند کر دیا اور انہیں تشدد کا نشانہ بنایا۔ اس دوران کلیم اللہ نامی شخص نے پستول نکال کر سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں۔میپکو عملے کی جانب سے 15 پر کال کرنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی جسے دیکھ کر ملزم فرار ہو گئے ۔دوسرے واقعہ میں میٹر ریڈر وزیر احمد اور شوکت علی بستی عیدن کوش میں چیکنگ کے لئے گئے جہاں رحمن، اللہ ودھایا، محب اور دیگر افراد ایل ٹی لائن سے ڈائریکٹ کنڈی لگا کر بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑے گئے ۔ بجلی چوری پکڑے جانے پر ملزم طیش میں آ گئے اور عملے کو گریبان سے پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا اور پستول دکھا کر دھمکیاں دیں۔