گڑ منڈی مندی کا شکار،ریٹ 3ہزارروپے من تک گرگیا

گڑ منڈی مندی کا شکار،ریٹ 3ہزارروپے من تک گرگیا

کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر) خطے میں جاری جنگی حالات کے باعث گڑ کی منڈی شدید مندی کا شکار ہو گئی ہے جس کے نتیجے میں قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔

غلہ منڈی کے تاجروں اور آڑھتیوں کے مطابق ہمسایہ ملک ایران، خلیجی ممالک اور خصوصاً افغانستان میں پیدا ہونے والی صورتحال کے باعث گڑ کی بیرون ملک سپلائی متاثر ہوئی ہے جس سے مقامی منڈیوں میں طلب کم ہو گئی ہے ۔تاجروں کا کہنا ہے کہ ایک ماہ قبل اچھی کوالٹی کا گڑ غلہ منڈی میں سات ہزار سے آٹھ ہزار روپے فی من تک فروخت ہو رہا تھا تاہم موجودہ حالات میں یہی گڑ کم ہو کر تقریباً چار ہزار سے پانچ ہزار روپے فی من تک آ گیا ہے جبکہ بعض مقامات پر ریٹ مزید گر کر تین ہزار روپے فی من تک پہنچ گئے ہیں۔تاجروں کے مطابق افغانستان کو گڑ کی بڑی مقدار سپلائی کی جاتی تھی مگر جنگی حالات اور تجارتی سرگرمیوں میں تعطل کے باعث برآمدات تقریباً رک گئی ہیں جس سے منڈیوں میں گڑ کی مقدار بڑھ گئی ہے اور خریدار کم ہونے کے باعث قیمتیں مسلسل نیچے آ رہی ہیں۔ دوسری جانب گڑ کی قیمتوں میں شدید کمی کے باعث کاشتکاروں نے گڑ بنانے کے بجائے گنا براہ راست شوگر ملز کو سپلائی کرنا شروع کر دیا ہے کیونکہ کم نرخوں کی وجہ سے مناسب منافع حاصل نہیں ہو رہا۔ غلہ منڈی کے تاجروں اور آڑھتیوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ گڑ کی برآمدات بحال کرنے اور تاجروں کو ریلیف دینے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں