ماچھیوال میں پیشہ ور بھکاریوں کی یلغار، شہری کا جینا عذاب

ماچھیوال میں پیشہ ور بھکاریوں کی یلغار، شہری کا جینا عذاب

ماچھیوال (نامہ نگار) ماچھیوال شہر میں پیشہ ور بھکاریوں اور گداگروں کی بڑھتی ہوئی تعداد نے شہریوں کو شدید اذیت میں مبتلا کر دیا ہے ۔

ماہ رمضان کا دوسرا عشرہ جاری ہے اور اس دوران شہر کے مختلف بازاروں اور مارکیٹوں میں بھکاریوں کی یلغار دیکھنے میں آ رہی ہے ۔ شہریوں اور دکانداروں کے مطابق کاہلوں مارکیٹ، مین روڈ اور عطا مارکیٹ سمیت دیگر مصروف علاقوں میں خواتین، مردوں اور بچوں کی ٹولیاں سارا دن بھیک مانگتی نظر آتی ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ نوجوان لڑکیاں اور خواتین مختلف انداز اپنا کر خیرات کے بہانے دکانوں اور بازاروں میں داخل ہو جاتی ہیں جس سے دکانداروں اور گاہکوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ بعض اوقات یہ خواتین دکانوں میں موجود بچوں کو چکما دے کر اپنی ضرورت کے مطابق اشیا بھی اٹھا لیتی ہیں جس سے دکاندار پریشان ہیں۔علاقہ مکینوں کے مطابق بیشتر بھکاری پیشہ ور ہیں جن کا مستقل ذریعہ معاش بھیک مانگنا بن چکا ہے ۔ ان میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے ۔ دوسری جانب مساجد کے باہر بھی بھکاریوں کی قطاریں لگی رہتی ہیں جہاں کھڑے یا بیٹھ کر لوگوں سے بھیک مانگی جاتی ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ بھکاریوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے باعث بازار آنے والے خریدار بھی پریشان ہو جاتے ہیں اور کئی افراد خریداری سے گریز کرنے لگتے ہیں۔ عوامی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ وہاڑی سے مطالبہ کیا ہے کہ پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کی جائے تاکہ شہریوں کو اس مسئلے سے نجات مل سکے اور لوگ سکون کے ساتھ خریداری کر سکیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں