جنگی صورتحال ملکی زراعت پر اثر انداز، خالدمحمود کھوکھر
ملتان (وقائع نگار خصوصی)صدر پاکستان کسان اتحاد خالد محمود کھوکھر نے کہا ہے کہ۔۔۔ ایران،
اسرائیل اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی سے پاکستان کی زراعت پر خطرناک اثرات مرتب ہو رہے ہیں اور حکومت کو فوری زرعی ایمرجنسی نافذ کرنی چاہئے ۔ملتان پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خالد محمود کھوکھر نے کہا کہ افغانستان اور ایران کے بارڈر بند ہونے کی وجہ سے امپورٹ نہیں ہو پارہی، جس کے باعث فوڈ سکیورٹی کو وقت کی اہم ضرورت کے طور پر دیکھا جانا چاہئے ۔ انہوں نے زور دیا کہ حکومت کو مؤثر پالیسیاں بنا کر زرعی شعبے کو سہارا دینا چاہیے ، جیسا کہ پینسٹھ کی جنگ میں بھی زراعت پاکستان کا اہم سہارا ثابت ہوئی تھی۔کسان رہنما نے کہا کہ موجودہ حالات میں کاشتکار شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
انہوں نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے پر بھی تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ٹرانسپورٹیشن کی لاگت بڑھ گئی ہے جس سے زرعی مصنوعات کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگا۔خالد محمود کھوکھر نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ زرعی شعبے کے لئے فوری الاؤنس کا اعلان کیا جائے تاکہ کاشتکاروں کی مشکلات کم کی جا سکیں، کیونکہ پاکستان نہ صرف اپنے عوام کے لئے خوراک پیدا کرتا ہے بلکہ مڈل ایسٹ کو بھی خوراک فراہم کر رہا ہے ۔انہوں نے افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ افواج نے ملک کو مضبوط قلعہ بنایا ہے اور آج حرمین شریفین کے محافظ پاکستان کی افواج ہیں۔