پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں،فول پروف سکیورٹی فراہم
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر)پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے ضلع بھر میں ریلیاں،پولیس کی جانب سے فول پروف سکیورٹی فراہم کی گئی۔
تفصیل کے مطابق ضلع بھر میں پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلیاں نکالی گئی،کوٹ ادو میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پاک فوج کو فتنہ الخوارج کے خلاف غصب للحق آپریشن کی کامیابی پر خراج تحسین پیش کیاگیا ۔اس حوالے سے میونسپل کمیٹی سے پریس کلب تک ریلی نکالی گئی جس میں ایس ڈی پی اوعبدالغفار خان،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اسد علی اور اسسٹنٹ کمشنر فرخ محمود سمیت ریسکیو 1122سول سوسائٹی،انجمن تاجران نے اورشہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے جبکہ دائرہ دین پناہ میں میونسپل کمیٹی کے زیر اہتمام پاک فوج سے اظہار یکجہتی اور افغانستان کی جانب سے مبینہ جارحیت کے خلاف ریلی نکالی گئی جس میں شہریوں اور میونسپل کمیٹی کے عملہ نے شرکت کی، شرکاء نے پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے جبکہ شرکاء کا کہنا تھا کہ پاکستان کی خود مختاری اور سرحدوں کا دفاع پاک فوج کی ذمہ داری ہے اور پوری قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ، ریلی کے دوران مقررین نے افغانستان کی جانب سے ہونے والی مبینہ جارحیت اور سرحدی کشیدگی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا اور پوری پاکستانی قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور ملک کے دفاع کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی، ریلی کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی،استحکام اورپاک فوج کی کامیابی کیلئے خصوصی دعابھی کی گئی۔