84 ملین لاگت کے 2 ترقیاتی منصوبے مکمل افتتاح

84 ملین لاگت کے 2 ترقیاتی منصوبے مکمل افتتاح

چلڈرن کمپلیکس تاکلمہ چوک سڑک کی وال ٹووال فل کارپٹنگ 38ملین ، گھنٹہ گھر سے نواں شہر سڑک 56ملین روپے لاگت سے مکمل ،ٹریفک کیلئے کھول دی گئی، کمشنر کا افتتاح

ملتان(وقائع نگار خصوصی)کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے شہر کی اہم شاہراہوں کی بحالی کے دو اہم ترقیاتی سکیموں کا افتتاح کر دیا۔ میونسپل کارپوریشن کی جانب سے مکمل کئے گئے منصوبوں کے تحت چلڈرن کمپلیکس تا کلمہ چوک سڑک کی وال ٹو وال فل کارپٹنگ 38 ملین روپے کی لاگت سے مکمل کی گئی جبکہ گھنٹہ گھر سے نواں شہر تک سڑک کو بھی 56 ملین روپے کی لاگت سے فل کارپٹ کر کے ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا ہے ۔منصوبوں کے تحت سڑکوں کی کارپٹنگ کے ساتھ لائن مارکنگ اور دیگر ضروری کام بھی مکمل کئے گئے ہیں جس سے ٹریفک کی روانی میں بہتری اور شہریوں کو محفوظ و آرام دہ سفری سہولیات میسر آئیں گی۔

اس موقع پر کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ شہریوں کو بہتر شہری سہولیات کی فراہمی اور شہر کے انفراسٹرکچر کی بہتری انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے نہ صرف آمد و رفت میں آسانی پیدا ہوگی بلکہ شہر کی خوبصورتی میں بھی اضافہ ہوگا۔کمشنر عامر کریم خاں کا مزید کہنا تھا کہ شہریوں کے دیرینہ مسائل کے حل اور شہر کی جدید خطوط پر ترقی کیلئے ایسے منصوبے جاری رکھے جائیں گے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ عامر کریم خاں نے رات گئے انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی ملتان کا اچانک دورہ کیا اور ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

کمشنر نے نئی ایمرجنسی، پرانی ایمرجنسی، سی سی یو اور سرائے کا معائنہ کیا اور مریضوں و تیمارداروں سے ملاقات بھی کی۔ مریضوں نے ہسپتال میں طبی سہولیات اور ادویات کی فراہمی پر اطمینان کا اظہار کیا۔دورے کے موقع پر ڈاکٹر فرحان نے کمشنر کو ہسپتال کے مختلف شعبوں بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفننگ میں بتایا گیا کہ نئی تعمیر شدہ 63 بیڈز پر مشتمل ایمرجنسی کو مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے جس کے بعد ایمرجنسی وارڈ کی مجموعی گنجائش 60 سے بڑھ کر 123 بیڈز ہو گئی ہے ۔ کمشنر ملتان ڈویژن نے عالمی یومِ خواتین کے موقع پر باہمت، باصلاحیت اور باوقار خواتین کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام نے خواتین کو مثالی عزت، احترام اور بلند مقام عطا کیا ہے جبکہ حضور نبی کریم ؐ نے خواتین کے حقوق اور ان کے احترام کا واضح درس دیاانہوں نے کہا کہ خواتین اپنی محنت، حوصلے اور عزم کے ساتھ خاندان، معاشرے اور ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں