بوریوالا :تین ڈاکو گرفتار، 23 لاکھ کا مال مسروقہ برآمد

بوریوالا :تین ڈاکو گرفتار، 23 لاکھ کا مال مسروقہ برآمد

سترہ مقدمات ٹریس، موٹرسائیکل اور دیگر سامان مدعیان کے حوالے

وہاڑی، بورے والا (خبر نگار، نمائندہ خصوصی، سٹی رپورٹر، نمائندہ دنیا) ڈی پی او وہاڑی تصور اقبال کی ہدایات پر تھانہ سٹی بورے والا پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی اور رابری کی وارداتوں میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ملزمان سے 23 لاکھ 14 ہزار روپے مالیتی مال مسروقہ بھی برآمد کر لیا جبکہ مختلف وارداتوں کے 17 مقدمات ٹریس کر لیے گئے ۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں علی احمد عرف اکرا، محمد رمضان اور محمد شہباز شامل ہیں۔

دوران تفتیش ملزمان نے متعدد وارداتوں کا انکشاف کیا جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ان کے قبضے سے 11 موٹرسائیکل، 2 موبائل فون، واٹر پمپ، مویشی، نقدی اور دیگر گھریلو سامان برآمد کر لیا۔ایس ڈی پی او سرکل بورے والا رانا محمد عمران ٹیپو نے بتایا کہ ملزمان کو جدید ٹیکنالوجی اور مسلسل محنت کے بعد گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ملزمان کے دیگر سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائی جاری ہے۔ بعد ازاں ایس ڈی پی او رانا محمد عمران ٹیپو نے ایس ایچ او تھانہ سٹی بورے والا رانا ثاقب نذیر کے ہمراہ برآمد شدہ مال مسروقہ معززین علاقہ کی موجودگی میں اصل مالکان کے حوالے کر دیا۔ کارروائی میں تھانہ سٹی بورے والا پولیس کی ٹیم نے حصہ لیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں