ایوان تجارت میں سٹارٹ اپ ریجنل راؤنڈ کا انعقاد
جدید آئیڈیاز پیش، کامیاب سٹارٹ اپ آئیڈیا کو فائنل میں جگہ دی جائیگی
ملتان (لیڈی رپورٹر) ایوان تجارت و صنعت ملتان میں ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) کے زیر اہتمام اور ملتان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے تعاون سے PIXS-2026 کے سلسلے میں سٹارٹ اپ ریجنل راؤنڈ منعقد کیا گیا۔تقریب میں خواجہ سہیل طفیل، سید علی آقا گردیزی اور مس معصومہ سبطین نے جیوری کے فرائض انجام دیئے جبکہ علی عمر ٹیپو، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹی ڈی اے پی نے کنڈکٹنگ آفیسر کے طور پر ذمہ داریاں نبھائیں۔ اس موقع پر خطے کے مختلف سٹارٹ اپس اور نوجوان کاروباری افراد نے اپنے جدید کاروباری آئیڈیاز اور منصوبوں کی تفصیلی پریذنٹیشن پیش کی۔جیوری ممبران نے سٹارٹ اپ نمائندگان کے انٹرویوز اور سوال و جواب کے ذریعے ان کے منصوبوں کی افادیت، جدت، مارکیٹ میں وسعت کے امکانات اور برآمدی صلاحیت کا جائزہ لیا۔ اس اقدام کا مقصد پاکستان میں سٹارٹ اپ کلچر کو فروغ دینا، نوجوانوں میں کاروباری رجحان پیدا کرنا اور برآمدات میں اضافہ کرنا ہے ۔اس پروگرام کے ذریعے نئے کاروباری منصوبوں کو ایسا پلیٹ فارم فراہم کیا جا رہا ہے جہاں وہ اپنے آئیڈیاز پیش کر سکیں۔ اور سرمایہ کاروں، صنعتکاروں اور ماہرین سے رہنمائی اور روابط کے مواقع حاصل کر سکیں۔