ازبک وفد کی لاہور آمد، زرعی تعاون بڑھانے پر اتفاق

ازبک وفد کی لاہور آمد، زرعی تعاون بڑھانے پر اتفاق

آلو، چاول، لائیوسٹاک تجارت بڑھانے کیلئے ورکنگ گروپس بنانے کا فیصلہ

ملتان (وقائع نگار خصوصی)تاشقند ریجن کے گورنر زوئیر مرزایف کی قیادت میں ازبکستان کے اعلیٰ سطحی وفد نے لاہور کا دورہ کیا اور سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو اور سیکرٹری لائیوسٹاک پنجاب احمد عزیز تارڑ سے اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں محکمہ زراعت پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل انفارمیشن نوید عصمت کاہلوں اور کنسلٹنٹ ڈاکٹر محمد انجم علی سمیت دیگر افسر بھی موجود تھے ۔ملاقات کا مقصد پاکستان اور ازبکستان کے درمیان زرعی و تجارتی تعاون کو مزید فروغ دینا تھا۔ اس موقع پر زرعی اجناس، ڈیری مصنوعات اور لائیوسٹاک کے شعبوں میں تعاون کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا کہ ملکی زرعی پیداوار میں پنجاب کا حصہ 70 فیصد سے زائد ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ کپاس، گندم، مکئی، چاول، کماد، آلو، کنو اور آم پنجاب کی اہم فصلیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ماہ ازبکستان کے صدر نے پاکستان کا دورہ کیا تھا جس میں ازبکستان کی جانب سے پاکستان سے تین لاکھ ٹن آلو درآمد کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ زرعی تحقیق کے شعبے میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ اس مقصد کے لئے زراعت اور لائیوسٹاک کے شعبوں میں مشترکہ ورکنگ گروپس تشکیل دیئے جائیں گے اور اس حوالے سے ایک جامع ایجنڈا تیار کیا جا رہا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں