بینظیر کفالت پروگرام کی قسط نہ ملنے پر خواتین کا احتجاج
بیوہ خواتین کی عید کی خوشیاں ماند، حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت بینظیر کفالت پروگرام کی سہ ماہی قسط ضلع کوٹ ادو اور مظفرگڑھ میں جاری نہ ہونے پر بیوہ خواتین شدید پریشانی کا شکار ہو گئیں۔متاثرہ خواتین نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ پورے ملک میں قسط جاری کر دی گئی ہے مگر ان کے اضلاع میں رقم کی ادائیگی نہ ہونا امتیازی سلوک ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ رقم ان کے لیے واحد سہارا ہے جس سے بچوں کے کپڑے ، جوتے ، عید کا راشن اور گھر کے بنیادی اخراجات پورے ہوتے ہیں جبکہ کئی خواتین علاج معالجہ بھی اسی رقم سے کرواتی ہیں۔خواتین نے صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن روبینہ خالد سے مطالبہ کیا کہ فوری نوٹس لے کر رقم کی ادائیگی یقینی بنائی جائے تاکہ وہ اپنے بچوں کے ساتھ عید کی خوشیاں منا سکیں۔