وہاڑی :مہنگائی کرنے پر 3افراد گرفتار ، 9دکانیں سیل
نگہبان کارڈز کے ذریعے ایک لاکھ 20 ہزار 374 مستحقین کو فائدہ ہوا
وہاڑی (خبرنگار نمائندہ خصوصی) ڈپٹی کمشنر وہاڑی خالد جاوید گورائیہ کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں ماہ رمضان میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے جاری اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق رمضان سہولت بازاروں میں چکن اور گوشت 100 روپے کم قیمت، 10 کلوگرام آٹا 850 روپے اور چینی 140 روپے فی کلوگرام دستیاب ہے ۔ سبزیاں، پھل اور دیگر اشیاء خوردونوش 5 سے 10 روپے کم نرخ پر فروخت ہو رہی ہیں۔اجلاس میں بتایا گیا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے 59 ہزار 256 انسپکشنز کیں، گراں فروشی پر 34 لاکھ 42 ہزار روپے جرمانے عائد کیے گئے ، 3 گرفتاریاں عمل میں آئیں اور 9 دکانیں سیل کی گئیں۔ نگہبان کارڈز کے ذریعے ایک لاکھ 20 ہزار 374 مستحقین کو فائدہ پہنچایا گیا اور ایک ارب 5 کروڑ 52 لاکھ 78 ہزار روپے رقم وصول کروائی گئی۔ نگہبان دسترخوانوں سے 44 ہزار 443 روزہ دار مستفید ہوئے ۔اجلاس میں انسداد ڈینگی سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیا گیا اور ڈپٹی کمشنر نے ہاٹ سپاٹس کلیئر کرنے اور ڈیش بورڈ سرگرمیوں پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔