بوریوالا :جنازگاہ جانے والی سڑک ٹوٹ پھوٹ کا شکار
سیوریج کے کھڑے پانی کی وجہ سے پیدل گزرنا مشکل ، شہریوں کو مشکلات
بوریوالا (سٹی رپورٹر) شہر کی مرکزی جنازگاہ اور قبرستان کو جانے والی سڑک کی ابتر حالت کے باعث شہری پریشانی کا شکار ہیں۔ اطلاعات کے مطابق سڑک پر سیوریج کے کھڑے پانی کی وجہ سے پیدل گزرنا مشکل ہو چکا ہے اور گاڑیوں کے گزرنے سے کپڑے اکثر ناپاک ہو جاتے ہیں۔ سڑک بری طرح ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے جس سے جنازہ لے کر جانے والے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔طویل عرصے سے شہریوں نے اس مسئلے کے حل کے لیے احکام بالا کو متعدد درخواستیں دی ہیں، لیکن ذمہ داران خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ سیاسی و سماجی شخصیات، وکلا اور تاجروں نے کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خان، ڈپٹی کمشنر وہاڑی خالد جاوید گورائیہ اور اسسٹنٹ کمشنر بوریوالا جواد حسین ملک سے مطالبہ کیا ہے کہ سڑک کی فوری تعمیر اور سیوریج سسٹم کی بہتری کو یقینی بنایا جائے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو شہریوں کی مشکلات بڑھتی جائیں گی اور جنازہ لے جانے اور قبرستان تک رسائی مزید مشکل ہو جائے گی، جس سے عوامی شکایات میں اضافہ ہو گا۔