چائلڈ پروٹیکشن بیورو عید کے تینوں روز رنگا رنگ تقریبات
افسروں کی شرکت، بچوں میں تحائف تقسیم، رنگا رنگ پروگرامزکا انعقاد
ملتان (لیڈی رپورٹر)چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو پنجاب سارہ احمد کی ہدایت پر چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں رہائش پذیر بچوں کے ہمراہ عیدالفطر بھرپور جوش و خروش سے منائی گئی۔ ڈسٹرکٹ انچارج شفاعت ظفر، بیورو افسر وں اور سٹاف نے بچوں کے ساتھ عید منائی اور ان کے ساتھ وقت گزارا۔عیدالفطر کے پہلے روز کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں، ریجنل پولیس آفیسر عثمان اکرم گوندل اور ڈپٹی کمشنر نعمان صدیق نے چائلڈ پروٹیکشن بیورو کا دورہ کیا۔ انہوں نے بچوں کے ہمراہ کیک کاٹا، عید کی خوشیوں میں شریک ہوئے اور تحائف بھی تقسیم کئے ۔اس موقع پر افسروں کا کہنا تھا کہ ایسے بچے خصوصی توجہ اور پیار کے مستحق ہیں، حکومت ان کی بہترین دیکھ بھال کے لئے اقدامات کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عید کی خوشیوں میں ان بچوں کو شامل کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے ۔ترجمان کے مطابق چیئرپرسن کی ہدایت پر عیدالفطر کے تینوں روز بچوں کے لئے رنگا رنگ پروگرام منعقد کئے گئے ۔ مختلف سٹالز میں دہی بھلے ، گول گپے ، برگر، آئس کریم، پیزا اور شوارما سمیت دیگر اشیاء فراہم کی گئیں، جبکہ بچے جھولوں سے بھی خوب لطف اندوز ہوئے ۔