یوم پاکستان دھرتی کے تحفظ کے عزم کو پختہ کرتا، کمشنر
ڈی سی آفس میں تقریب ، پولیس ،ریسکیو ،سول ڈیفنس اہلکاروں کی سلامی
ملتان (لیڈی رپورٹر)یومِ پاکستان کے موقع پر ملتان میں قومی جوش و جذبے کے ساتھ مرکزی پرچم کشائی تقریب کا انعقاد کیا گیا، فضا \\\"شاد رہے پاکستان\\\" کے نعروں سے گونج اٹھی۔ ڈپٹی کمشنر آفس میں مرکزی تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں پرچم کشائی اور پریڈ کا اہتمام کیا گیا۔ پولیس، ریسکیو اور سول ڈیفنس کے چاک و چوبند دستوں نے قومی پرچم کو سلامی پیش کی۔تقریب کی صدارت کمشنر ملتان عامر کریم خاں اور ریجنل پولیس آفیسر محمد عثمان اکرم گوندل نے کی جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس محسن نثار، ضلعی افسروں اور سول سوسائٹی کے نمائندگان کی بڑی تعداد بھی شریک ہوئی۔ تقریب کے دوران سائرن بجائے گئے اور ملک و قوم کی سلامتی کیلئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے اپنے خطاب میں کہا کہ یومِ پاکستان اس عظیم دھرتی کے تحفظ کے عزم کو مزید پختہ کرتا ہے ، وطن عزیز کی حرمت اور بقا کیلئے نئی نسل تک یہ پیغام پہنچانا ناگزیر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قراردادِ پاکستان کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک الگ وطن کی نوید سنائی گئی اور اس وطن کے حصول کیلئے ہمارے بزرگوں نے لازوال قربانیاں دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 23 مارچ برصغیر کے مسلمانوں کیلئے ایک عظیم خوشخبری لے کر آیا اور آج پوری قوم ملی جذبے کے ساتھ یوم پاکستان منا رہی ہے ۔ریجنل پولیس آفیسر محمد عثمان اکرم گوندل نے اس موقع پر کہا کہ خطے کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر یوم پاکستان پر اتحاد و یکجہتی کا اظہار ناگزیر ہے ، پوری قوم سیسہ پلائی دیوار کی مانند اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے ۔