بیوٹیفکیشن پلان کیلئے حکمت عملی تیار کرلی، وسیم حسن
ملتان(وقائع نگار خصوصی)ایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی ملتان سید وسیم حسن نے کہا ہے کہ شہر کے اہم فلائی اوورز، شاہراہوں کی دیواروں اور چوکوں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت خوبصورت بنانے کے لئے حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے۔
اس سلسلے میں نجی کمپنیوں کے نمائندوں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ پارکوں کی بہتری کے لئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی کمپنیوں کے نمائندوں کے ہمراہ پارکوں کے دورے کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ہارٹیکلچر سعد قریشی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ایم ڈی ہارٹیکلچر کا کہنا تھا کہ شہر کی اہم شاہراہوں سے تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے گا۔ اور فلائی اوورز پر خوبصورت پینٹ بھی کیا جائے گا، جس کے لئے جامع منصوبہ بندی مکمل کر لی گئی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ پارکوں میں لینڈ اسکیپنگ کے کام پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ شہریوں کو بہتر ماحول فراہم کیا جا سکے۔ شہریوں کو معیاری عوامی سہولیات کی فراہمی کے لئے ادارہ پُرعزم ہے۔ شہر کے پارکوں میں جاری ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے گرین وژن پر عمل کرتے ہوئے کمشنر ملتان کی سربراہی میں شہر کو خوبصورت بنایا جا رہا ہے۔