گگو منڈی ہسپتال میں سہولیات کی کمی، شہریوں کا احتجاج
ہسپتال میں ڈاکٹرز کی کمی‘مریضوں کو ادویات و سہولیات نہ مل سکیں
گگومنڈی (نامہ نگار) گگومنڈی کے شہریوں نے مریم نواز ہسپتال کی تزئین و آرائش پر کروڑوں روپے خرچ ہونے کے باوجود سہولیات کی عدم دستیابی پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ شہریوں نے کہا ہے کہ دیہی علاقوں کے سرکاری ہسپتالوں کی حالت ‘‘اونچی دکان پھیکے پکوان’’ کے مترادف ہے ۔تفصیلات کے مطابق شہریوں محمد افضل، محمد اکرم، چوہدری ندیم، محمد امین، محبوب عالم، عابد علی، ندیم بھٹی و دیگر نے بتایا کہ ہسپتال میں مریضوں کو بنیادی سہولیات میسر نہیں۔ ایمرجنسی میں مریضوں کو ادویات فراہم نہیں کی جاتیں بلکہ بازار سے خریدنے کا کہا جاتا ہے ۔شہریوں کے مطابق حادثات کی صورت میں زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ٹی ایچ کیو بوریوالا ریفر کر دیا جاتا ہے ۔ ہسپتال میں ڈاکٹرز کی کمی اور ایکسرے و بلڈ ٹیسٹ کی سہولیات نہ ہونے کے باعث مریضوں کو پرائیویٹ لیبارٹریوں کا رخ کرنا پڑتا ہے ۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔