پیپلز پارٹی نے ہر دور میں پسے طبقے کو ریلیف دیا ـ:آصف دستی
غیر اعلانیہ اور طویل بجلی بندش نے شہریوں کا جینا دوبھر کر دیا ہے : رہنما پی پی
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر)سابق امیدوار صوبائی اسمبلی و ڈویژنل صدر پاکستان پیپلز پارٹی میر آصف خان دستی نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری پاکستان کا روشن مستقبل ہیں اور پیپلز پارٹی ایک انقلابی تحریک کا نام ہے جسے آمریت پسند قوتوں نے ریاستی جبر کے ذریعے ختم کرنے کی کوشش کی لیکن وہ ہمیشہ ناکام رہیں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہر دور میں پسے ہوئے اور محروم طبقات کو ریلیف دینے کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں اور عوامی حقوق کی جدوجہد جاری رکھی ہے انہوں نے موجودہ حکومت کی جانب سے بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کے باعث عام آدمی کے لیے دو وقت کی روٹی حاصل کرنا مشکل ہو گیا ہے جبکہ حکومت عوام کو ریلیف دینے میں مکمل طور پر ناکام نظر آ رہی ہے میر آصف خان دستی نے فورس لوڈشیڈنگ پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ غیر اعلانیہ اور طویل بجلی بندش نے شہریوں کا جینا دوبھر کر دیا ہے اور شدید گرمی میں گھنٹوں بجلی کی بندش سے گھریلو صارفین، تاجر اور طلبہ شدید مشکلات کا شکار ہیں انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت عوامی مسائل کے حل کے بجائے ان میں اضافہ کر رہی ہے جبکہ سستی اور سہولت کے دعوے صرف بیانات تک محدود ہیں انہوں نے ٹرانسپورٹ کرایوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود کرایوں میں کمی نہیں کی گئی جو حکومتی ناکامی کا ثبوت ہے لہٰذا حکومت کو سختی سے کرایہ نامے پر عملدرآمد یقینی بنانا چاہیے تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے ۔