مجاہد کالونی میں ناقص ترقیاتی کام، شہریوں کا احتجاج
ٹف ٹائل اکھاڑنے ، سیوریج اور واٹر فلٹریشن منصوبے تاخیر کا شکار
بورے والا (سٹی رپورٹر ) آبادی مجاہد کالونی میں ناقص تعمیراتی کام، غیر معیاری منصوبہ بندی اور انتظامی غفلت کے باعث مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ اہل علاقہ نے صورتحال پر شدید احتجاج کیا ہے تفصیل کے مطابق چند ماہ قبل مجاہد کالونی میں ٹف ٹائل لگائی گئی تھی تاہم بعد ازاں سیوریج پائپ ڈالنے کے لیے نئی لگائی گئی ٹائلوں کو دوبارہ اکھاڑ دیا گیا جس سے سڑکیں خراب ہو گئیں اور مرمت غیر معیاری ہونے کے باعث ٹائلیں چند ہی دنوں میں زمین میں دھنسنا شروع ہو گئیں شہریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ ٹھیکیدار کی مبینہ نااہلی اور متعلقہ اداروں کی غفلت کے باعث ترقیاتی منصوبوں کا معیار انتہائی ناقص ہے جس سے عوامی وسائل کا ضیاع ہو رہا ہے مجاہد کالونی اور بیرکی روڈ کے قریب واٹر فلٹریشن پلانٹ کا منصوبہ بھی چار ماہ سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود مکمل نہیں ہو سکا جس کے باعث اہل علاقہ صاف پانی کے لیے شدید مشکلات کا شکار ہیں دربار بابا ولی والی گلی کا ترقیاتی کام بھی گزشتہ پانچ ماہ سے ادھورا پڑا ہے اہل علاقہ نے سابق کونسلر چوہدری محمد سرور آرائیں سمیت دیگر معززین کے ہمراہ اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔