میٹرک، او ،اے لیول کیلئے الگ تعلیمی کیلنڈر تیارکرنیکا فیصلہ
میٹرک، او ،اے لیول کیلئے الگ تعلیمی کیلنڈر تیارکرنیکا فیصلہآئند تعلیمی سال سے عملدرآمد، نصاب کی تکمیل کیلئے الگ شیڈول بنایا جائے گا
ملتان(خصوصی رپورٹر)محکمہ سکولز نے میٹرک اور او ، اے لیولز کے طلبہ کے لیے الگ الگ تعلیمی کیلنڈر تیار کرنے کا اصولی فیصلہ کرلیا ہے تاکہ امتحانات سے قبل نصاب کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جا سکے ۔ ذرائع کے مطابق اساتذہ، طلبہ اور والدین کی جانب سے مسلسل شکایات سامنے آ رہی تھیں کہ یکساں تعلیمی کیلنڈر کے باعث او و اے لیولز کے طلبہ کو امتحانات سے قبل کورس مکمل کرنے میں مشکلات پیش آتی ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ نئے فیصلے کے تحت میٹرک اور او و اے لیولز کے تعلیمی سیشن، چھٹیوں اور امتحانات کے شیڈول کو الگ الگ ترتیب دیا جائے گا تاکہ ہر نظام تعلیم کے تقاضے بہتر انداز میں پورے کیے جا سکیں۔ او و اے لیولز کے لیے بین الاقوامی امتحانی اداروں کے شیڈول کو مدنظر رکھتے ہوئے تدریسی سرگرمیوں کو منظم کیا جائے گا۔تعلیمی ماہرین نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے طلبہ کی کارکردگی بہتر ہوگی اور امتحانی دباؤ میں کمی آئے گی۔ والدین نے بھی امید ظاہر کی ہے کہ اس فیصلے سے طلبہ کو زیادہ منظم اور سہل تعلیمی ماحول میسر آئے گا۔ حکام کے مطابق نئے تعلیمی کیلنڈرز جلد جاری کر دئیے جائیں گے اور آئندہ تعلیمی سال سے ان پر عمل درآمد شروع ہوگا۔