نشتر 100بیڈز کا کینسر ہسپتال مقررہ مدت میں مکمل کرنے کا حکم
عالمی معیار یقینی بنایا جائے ، تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی، پیٹ سکین سائیکلوٹرون مشین تنصیب آخری مراحل میں داخل ،کمشنر عامر کریم کا دورہ،طبی سہولتوں اور انتظامات کا جائزہ
ملتان(لیڈی رپورٹر)کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے نشتر ہسپتال میں زیر تعمیر100 بیڈکے کینسر ہسپتال اور پیٹ سکین سائیکلوٹرون پراجیکٹ کا دورہ کیا اور جاری تعمیراتی و تنصیب کے کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔انہوں نے زیر تعمیر پراجیکٹ کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ عالمی معیارکو یقینی بنایا جائے ، تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے 100بیڈز پر مشتمل کینسر ہسپتال کے لیے مکمل فنڈز فراہم کیے جا چکے ہیں جبکہ منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے ،پیٹ سکین و سائیکلوٹرون مشین کی سول ورک مکمل ہو چکی ہے جبکہ مشینری بھی انسٹال کی جا چکی ہے ، صرف دو اہم کمپوننٹس، ہاٹ سیل اور ایلیویٹرز کی تنصیب باقی ہے ، ہاٹ سیل دبئی پورٹ پر موجود ہے جس کی تنصیب 15مئی 2026تک مکمل کر لی جائے گی جبکہ ایلیویٹرز کراچی پورٹ پر پہنچ چکے ہیں اور ان کی تنصیب 10 مئی تک متوقع ہے ۔
کمشنر عامر کریم خاں نے منصوبے کو ہر صورت 30جون تک مکمل کرنیکا حکم دیتے ہوئے کہا کہ مقررہ ڈیڈ لائن پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے بیسمنٹ سے لے کر تمام فلورز تک تعمیراتی کام کا معائنہ کیا جبکہ فرسٹ، سیکنڈ اور تھرڈ فلور پر جاری فنشنگ ورک پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر کیفے ٹیریا، ڈاکٹر روم، الیکٹریکل اور رپورٹنگ رومز کا بھی تفصیلی دورہ کیا گیا۔کمشنر نے کہا کہ مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور عالمی معیار کے مطابق سہولیات یقینی بنائی جائیں۔انہوں نے 15 مئی سے قبل سٹاف پیکیج کی منظوری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہسپتال کی بروقت فعالیت کے لیے انسانی وسائل کی دستیابی ناگزیر ہے ،کینسر ہسپتال اور پیٹ سکین پراجیکٹس کو مقررہ ڈیڈ لائن کے اندر مکمل کر کے عوام کو جلد از جلد معیاری طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔