سپیشل ایجوکیشن ادارے ، گرلز سکول میں سہولتوں کا جائزہ
سپیشل ایجوکیشن ادارے ، گرلز سکول میں سہولتوں کا جائزہبچوں کیلئے سہولتوں کو مزید بہتر ، تعلیمی معیار بلند کیا جائے ، ڈپٹی کمشنر کا دورہ
ملتان (خصوصی رپورٹر) ڈپٹی کمشنر ملتان محمد نعمان صدیق نے شاداب انسٹی ٹیوٹ آف سپیشل ایجوکیشن مدنی چوک کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سپیشل بچوں سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ وقت گزارا۔ اس موقع پر انہوں نے ادارے میں فراہم کردہ تعلیمی اور بحالی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا جبکہ متعلقہ حکام نے انہیں ادارے کے امور پر بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر نے سپیشل بچوں کو بہترین تعلیم اور نگہداشت کی فراہمی کو حکومت کی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے محکمہ سپیشل ایجوکیشن کو ٹرانسپورٹ سمیت تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی بچوں کی فلاح کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔بعد ازاں انہوں نے گورنمنٹ مون لائٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول کا بھی دورہ کیا جہاں تعلیمی ماحول اور دستیاب سہولیات کا معائنہ کیا اور معیار تعلیم مزید بہتر بنانے کی ہدایات جاری کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ طلبہ کو معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔