کمشنر ڈیرہ کا مظفرگڑھ کا دورہ، ترقیاتی و فلاحی منصوبوں کا جائزہ
ڈی ایچ کیو ہسپتال، بیوٹیفکیشن منصوبے اور سوشل ویلفیئر دفاتر کا معائنہ، بہتری کی ہدایت
مظفرگڑھ(سٹی رپورٹر) کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن اشفاق احمد چوہدری نے مظفرگڑھ کا دورہ کیا، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ عثمان طاہر جپہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس انعم حفیظ اور دیگر افسران ان کے ہمراہ تھے ۔کمشنر نے ڈی ایچ کیو ہسپتال مظفرگڑھ کا تفصیلی معائنہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، صفائی ستھرائی، ادویات کی دستیابی اور انتظامی امور کا جائزہ لیا۔ ایم ایس ڈاکٹر محمد نصیر نے انہیں ہسپتال میں علاج معالجے کی سہولیات پر بریفنگ دی۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے ۔انہوں نے بیوٹیفکیشن منصوبے کا بھی معائنہ کیا اور شہر کی صفائی، خوبصورتی اور ماحول کو مزید بہتر بنانے کیلئے متعلقہ اداروں کو خصوصی ہدایات جاری کیں۔ بعدازاں گنیش واہ کی صفائی کے جاری کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے صفائی کے عمل میں تیزی لانے کی ہدایت کی۔دورے کے دوران کمشنر نے ماڈل بازار اور سوشل ویلفیئر آفس کا بھی معائنہ کیا اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ترقیاتی منصوبوں کی رفتار اور معیار پر اطمینان کا اظہار کیا۔اس موقع پر کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی، صفائی ستھرائی اور فلاحی منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ۔دریں اثناء انہوں نے سوشل ویلفیئر آفس میں معذور افراد میں ویل چیئرز کی تقسیم کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی، جہاں غیر سرکاری تنظیم مسلم ہینڈز یوکے کے تعاون سے ویل چیئرز تقسیم کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کی فلاح حکومت کی اولین ترجیح ہے اور انہیں بااختیار بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔کمشنر نے رحمت کارڈ کے اجرا کے عمل کا بھی جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ مستحق افراد کو شفاف طریقے سے سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے محکمہ سوشل ویلفیئر کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے مزید بہتری کی ہدایت کی۔