مالی بے ضابطگیوں کے الزامات بے بنیاد، سی ای او ایجوکیشن
جھوٹی خبریں سستی شہرت اور بلیک میلنگ کیلئے پھیلائی جارہی ہیں، ناصر عزیز
وہاڑی(نمائندہ خصوصی)سی ای او ایجوکیشن وہاڑی ناصر عزیز نے سوشل میڈیا اور بعض اخبارات میں زیر گردش مالی بے ضابطگیوں سے متعلق خبروں کو بے بنیاد، من گھڑت اور حقائق کے منافی قرار دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم میں تمام مالی معاملات قواعد و ضوابط کے مطابق انجام دیئے جاتے ہیں۔ناصر عزیز نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ٹی اے اور ڈی اے کے تمام بلز محکمانہ قوانین اور آڈٹ کے تقاضوں کے مطابق منظور کئے جاتے ہیں اور کسی اضافی یا غیر قانونی ادائیگی کا سوال پیدا نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری گاڑیوں کے ٹائروں کی خریداری اور دیگر مینٹیننس بھی حکومتی ریٹ لسٹ، ٹینڈرنگ اور مقررہ طریقہ کار کے مطابق کی جاتی ہے جس کا مکمل ریکارڈ دفتر میں موجود ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ کی ڈیمانڈ ضلعی ضروریات اور تعلیمی منصوبوں کو مدنظر رکھ کر تیار کی جاتی ہے جبکہ تاحال مالی سال 2026-27 کی بجٹ ڈیمانڈ متعلقہ اتھارٹی کو ارسال نہیں کی گئی۔سی ای او ایجوکیشن کے مطابق جھوٹی اور غیر مصدقہ خبریں پھیلا کر محکمہ تعلیم اور ان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتے ہیں جبکہ عوام اور تعلیمی حلقے افواہوں پر کان نہ دھریں۔