بااثر افراد پر قدیمی کھال مسمار کرنے کا الزام، پولیس طلب

بااثر افراد پر قدیمی کھال مسمار کرنے کا الزام، پولیس طلب

زرعی زمین پر قبضے کی کوشش، شہری کا اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ

وہاڑی(نمائندہ خصوصی) زرعی زمین کو سیراب کرنے والا 50 سال پرانا کھال مبینہ طور پر بااثر افراد نے زمین پر قبضے کی کوشش میں مسمار کردیا۔ منع کرنے پر ملزمان ڈنڈوں، سوٹوں اور کسیوں سے لیس ہوکر شہری پر حملہ آور ہوگئے جبکہ خوف و ہراس بھی پھیلایا گیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی۔تفصیلات کے مطابق 5 ڈبلیو بی کے رہائشی سینئر صحافی محمد شفیق ڈوگر نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کی اراضی مربع نمبر 22 میں واقع 6 کنال زرعی زمین کو سیراب کرنے والا قدیمی کھال، جو گزشتہ 50 برس سے استعمال ہورہا تھا، مخالفین نے مسمار کردیا۔ شہری کے مطابق منظور احمد، ذوالفقار عرف بھٹو، صدیق ولد عبدالرشید سمیت دیگر افراد نے باہمی مشاورت سے کھال ختم کرنے کی کوشش کی۔محمد شفیق ڈوگر کے مطابق عثمان، طلحہ، اعجاز اور ماجد سمیت دیگر افراد مسلح ہوکر موقع پر آئے اور کھال کو مسمار کرنا شروع کردیا۔ شور شرابا اور ہلڑ بازی کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ کسی نقصان کے خدشہ کے پیش نظر انہوں نے فوری طور پر پولیس کو 15 پر اطلاع دی۔پولیس تھانہ صدر وہاڑی موقع پر پہنچی تو ملزمان فرار ہوچکے تھے تاہم پولیس نے کھال مسمار کرنے کے شواہد موبائل ویڈیو میں محفوظ کرلئے ۔ متاثرہ شہری نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، کمشنر ملتان، آر پی او ملتان، ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او وہاڑی سے فوری نوٹس لینے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں