کوٹ ادو میں خسرہ وباء پھیل گئی، دو بچے جاں بحق
نواحی بستی امیر شاہ میں درجنوں بچے متاثر، محکمہ صحت ٹیمیں متحرک
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگار)نواحی علاقہ بستی امیر شاہ چاہ ٹھاکر میں خسرہ کی وباء بے قابو ہو گئی ہے جس کے باعث ماچھی برادری کے 40 سے زائد بچے متاثر ہوئے ہیں جبکہ 2 بچے جاں بحق ہو گئے ہیں۔تفصیل کے مطابق متاثرہ بچوں میں محمد فہد عمر 4 سال، عمائمہ عمر 3 ماہ، محمد سفیان عمر 4 سال، محمد عتیق عمر 3 سال، تہمینہ عمر 5 سال، علی حسین عمر 5 سال، حبیب 10 ماہ، عالیہ عمر 6 سال، عادل عمر 4 سال، زنیرا عمر 5 سال، عبدالاحد عمر 7 ماہ، عبدالصمد عمر 2 سال اور محمد جریر عمر 4 ماہ سمیت دیگر بچے شامل ہیں جو زیر علاج ہیں۔واقعے کی اطلاع پر ڈپٹی کمشنر بیرسٹر بلال سلیم کے احکامات پر محکمہ صحت کی ٹیمیں فوری طور پر متاثرہ علاقے میں پہنچ گئیں۔ اس کے علاوہ مریم نواز کلینک آن ویلز اور فیلڈ ہسپتال کی گاڑیاں روزانہ بستی میں پہنچ کر بچوں کا طبی معائنہ اور علاج فراہم کر رہی ہیں۔ ڈسٹرکٹ ڈپٹی ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر رضا مغل اپنی ٹیم کے ہمراہ روزانہ صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق بعض ورثاء بچوں کو اسپتال منتقل کرنے سے گریزاں ہیں۔
تاہم انتظامیہ کی جانب سے انہیں قائل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ مقامی سطح پر پولیس بھی متاثرہ بچوں کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کرنے کی کوشش کرتی رہی مگر ورثاء نے انکار کیا۔مقامی رہنماؤں نے متاثرہ علاقے میں مستقل طبی کیمپ کے قیام کا مطالبہ کیا ہے ۔