دربار پیر قتال کی تزئین و آرائش کیلئے آٹھ کروڑ منظور
مخدوش حصوں کی مرمت، میناروں اور گنبد کی ازسرنو تعمیر ودیگر کام شامل
جلال پور پیروالا (نامہ نگار) چار سو سالہ قدیم دربار حضرت پیر قتال کی تزئین و آرائش اور مرمتی کام کے لیے پنجاب حکومت نے 8 کروڑ روپے کے فنڈز منظور کر دئیے ہیں، جس کے بعد منصوبے پر باقاعدہ کام کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔تفصیل کے مطابق دربار کے مخدوش حصوں کی مرمت، میناروں اور گنبد کی ازسرنو تعمیر، وضو خانوں کی بہتری اور دیگر ترقیاتی کام اس منصوبے کا حصہ ہیں۔ ایم پی اے ملک لعل محمد جوئیہ کی کوششوں سے یہ خطیر فنڈز منظور ہوئے ، جنہوں نے منصوبے کا موقع پر جا کر معائنہ بھی کیا۔ اس موقع پر انجینئرز نے انہیں جاری کاموں اور تعمیراتی معیار کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ایم پی اے ملک لعل محمد جوئیہ نے کہا کہ دربار کی تعمیر و ترقی کے لیے فنڈز فراہم کرنے پر وہ پنجاب حکومت کے مشکور ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ منصوبے میں استعمال ہونے والے میٹریل کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور کام کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ کسی بھی وقت بغیر اطلاع کے منصوبے کا معائنہ کرتے رہیں گے تاکہ شفافیت اور معیار کو یقینی بنایا جا سکے ۔اس موقع پر انہوں نے سجادہ نشین اور دیگر شخصیات کے ہمراہ دربار پر چادر پوشی بھی کی۔ تقریب میں کنٹریکٹرز، انجینئرز، انتظامیہ اور سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی شرکت کی۔