پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 4 گرفتار
انسدادِ بھکاری مہم کے تحت مختلف مقامات پر کارروائی، عوامی تعاون کی اپیل
خانیوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے شہر میں پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف مؤثر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے چار افراد کو گرفتار کرلیا۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر خانیوال محمد عمر نے پولیس کے تعاون سے شہر کے مختلف مقامات پر کارروائی کی، خاص طور پر ان علاقوں کو نشانہ بنایا گیا جہاں بھکاریوں کی تعداد زیادہ تھی۔ کارروائی کے دوران چار پیشہ ور بھکاریوں کو حراست میں لے لیا گیا۔اس موقع پر انسدادِ بھکاری مہم کے تحت عوام میں آگاہی کے لیے پمفلٹس بھی تقسیم کئے گئے ۔ حکام نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ پیشہ ور بھکاریوں کی حوصلہ شکنی کریں اور انہیں مالی امداد دینے سے گریز کریں تاکہ اس رجحان کی روک تھام ممکن ہو سکے ۔