بوریوالامیں جدید مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کیلئے اراضی مختص

بوریوالامیں جدید مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کیلئے اراضی مختص

منظوری کیلئے مضبوط بنیادوں پر کیس تیار کر کے حکومت پنجاب کو ارسال

بورے والا (سٹی رپورٹر) کمشنر ملتان ڈویژن رانا عامر کریم خان نے صحت دوست اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے کے تحت بورے والا میں جدید مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کے قیام کے لیے اہم پیشرفت کی ہے ۔ منصوبے کے لیے شہر کے وسطی علاقے عظیم آباد میں 12 ایکڑ سے زائد اراضی مختص کر دی گئی ہے ۔تفصیل کے مطابق اس منصوبے کی منظوری کے لیے مکمل کاغذی کارروائی کے ساتھ ایک مضبوط بنیادوں پر کیس تیار کر کے حکومت پنجاب کو ارسال کر دیا گیا ہے ، جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سمیت متعلقہ حکام سے منظوری کی درخواست کی گئی ہے ۔کمشنر ملتان ڈویژن کے مطابق بورے والا آبادی کے لحاظ سے پنجاب کی بڑی تحصیلوں میں شمار ہوتا ہے ، جہاں اس جدید طبی مرکز کے قیام سے خواتین اور بچوں کو معیاری طبی سہولیات میسر آئیں گی۔ اس منصوبے سے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال بورے والا پر مریضوں کا بوجھ بھی نمایاں طور پر کم ہو جائے گا، جس سے دیگر مریضوں کو بھی بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں گی۔عوامی، سماجی اور سیاسی حلقوں نے اس منصوبے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کمشنر ملتان ڈویژن کی کاوشوں کو سراہا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ اقدام علاقے میں صحت کے شعبے میں بہتری اور عوامی سہولت کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں