مظفرگڑھ پولیس کی کارروائی، ڈکیت گروہ دو گھنٹے میں گرفتار
برآمد ہونیوالے 16لاکھ روپے نقد اور طلائی زیورات متاثرہ خاندان کے حوالے
یاریوالی (نامہ نگار) مظفرگڑھ پولیس نے بروقت اور شاندار کارروائی کرتے ہوئے گھر میں ڈکیتی کرنے والے خطرناک گروہ کو صرف دو گھنٹے کے اندر گرفتار کر لیا اور لوٹی گئی 16 لاکھ روپے مالیت کی نقدی اور طلائی زیورات برآمد کر کے مدعی کے حوالے کر دئیے تفصیل کے مطابق تھانہ صدر علی پور پولیس نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید غضنفر علی شاہ کی قیادت میں اور ایس ڈی پی او علی پور اللہ یار سیفی کی نگرانی میں کامیاب کریک ڈاؤن کیا۔ کارروائی کی سربراہی ایس ایچ او صدر علی پور مزمل حسین نے کی، جن کے ہمراہ اسسٹنٹ سب انسپکٹر افتخار نذیر اور کانسٹیبل محمد شہباز بھی موجود تھے ۔پولیس کے مطابق نواحی گاؤں عظمت پور میں مسلح ڈاکو گھر میں داخل ہوئے اور اہل خانہ کو یرغمال بنا کر 12 لاکھ روپے نقد اور 4 لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات لوٹ کر فرار ہوگئے ۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے فوری ناکہ بندی کی، جدید ٹیکنالوجی اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگایا ۔
اور تیز کارروائی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کر لیا۔پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے مکمل لوٹی ہوئی رقم اور زیورات برآمد کر لیے ۔ بعد ازاں ڈی پی او سید غضنفر علی شاہ نے برآمد شدہ مال مدعی کے حوالے کیا، جس پر متاثرہ خاندان نے پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔ڈی پی او نے افسران و اہلکاروں کو تعریفی اسناد اور نقد انعامات دینے کا اعلان کیا اور کہا کہ مظفرگڑھ پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر وقت متحرک ہے ۔