پیپلز پارٹی عوامی مسائل پر آواز بلند کرتی رہے گی،افتخار احمد
مہنگائی، پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ اور معاشی حالات پر حکومت کو مشورے
وسندے والی (نامہ نگار)سیکرٹری اطلاعات پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب اور ایم این اے نوابزادہ افتخار احمد خان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی عوام کے دکھ درد کو سمجھنے والی جماعت ہے اور ہر مشکل گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اتحادی حکومت کا حصہ ہونے کے باوجود مہنگائی اور حکومتی اقدامات کے باعث پیدا ہونے والی مشکلات پر پیپلز پارٹی مسلسل آواز بلند کر رہی ہے اور جلد عوام کو ریلیف ملنے کی امید ہے ۔یہ بات انہوں نے ختم نبوت چوک چاہ فتح شاہ کے مقام پر مختلف ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے موقع پر شہریوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ افتتاحی تقریب میں ٹکٹ ہولڈر پیپلز پارٹی حلقہ پی پی 270 چوہدری عدنان خالد، نوابزادہ عدنان احمد خان اور نوابزادہ عمران احمد خان بھی موجود تھے جبکہ سینئر سیاستدان چوہدری کرامت نے فیتہ کاٹ کر منصوبوں کا افتتاح کیا۔
نوابزادہ افتخار احمد خان نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہر شعبے کو متاثر کرتا ہے جس سے عام آدمی کی زندگی مزید مشکل ہو گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال بھی اس مہنگائی کی بڑی وجوہات ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان نے پیپلز پارٹی اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی معاونت سے خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے مثبت کردار ادا کیا ہے اور جلد حالات بہتر ہونے کی امید ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوامی ریلیف کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھے گی اور ملک میں استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔