تعلیمی اسناد کی تصدیقی فیسوں میں کئی گنا اضافہ

تعلیمی اسناد کی تصدیقی فیسوں میں کئی گنا اضافہ

ایک دستاویز کی تصدیقی فیس 1000سے 3000کردی گئی

 ملتان (خصوصی رپورٹر)ہائر ایجوکیشن کمیشن نے ڈگریوں اور تعلیمی اسناد کی تصدیق فیس میں بڑا اضافہ کر دیا، جس پر طلبہ اور والدین میں تشویش پائی جا رہی ہے ۔ذرائع کے مطابق پہلے ایک دستاویز یا ایک صفحے کی اٹسٹیشن فیس ایک ہزار روپے تھی، جسے بڑھا کر تین ہزار روپے کر دیا گیا ہے ۔ اس طرح فیس میں تین گنا اضافہ ہوگیا ہے ۔ طلبہ کا کہنا ہے کہ ملک میں پہلے ہی مہنگائی بلند سطح پر ہے جبکہ تعلیمی اخراجات، ٹرانسپورٹ اور ہاسٹل فیسوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ۔ ایسے میں اٹسٹیشن فیس میں اچانک اضافہ طلبہ اور ان کے خاندانوں پر اضافی مالی بوجھ ہے ۔متعدد طلبہ نے کہا کہ ڈگریوں کی تصدیق بیرون ملک تعلیم، سکالرشپس، ملازمتوں اور سرکاری امور کے لئے ناگزیر ہوتی ہے ، اس لئے ہائر ایجوکیشن کمیشن کو فیسوں میں اضافے کے بجائے طلبہ کو ریلیف دینا چاہیے ۔ ایک طالب علم کو اکثر کئی دستاویزات کی تصدیق کروانا پڑتی ہے جس سے مجموعی اخراجات ہزاروں روپے تک پہنچ جاتے ہیں۔طلبہ اور والدین نے مطالبہ کیا ہے کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن فوری طور پر فیصلے پر نظرثانی کرے اور فیس میں اضافہ واپس لیا جائے ۔تعلیمی حلقوں نے بھی تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لئے ضروری ہے کہ طلبہ کو زیادہ سے زیادہ سہولیات اور مالی آسانیاں فراہم کی جائیں، نہ کہ ان پر مزید مالی دباؤ ڈالا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں