زکریا یونیورسٹی سلیکشن بورڈ اجلاس آج سے شروع

زکریا یونیورسٹی سلیکشن بورڈ اجلاس آج سے شروع

ترقیوں و تقرریوں کا ایجنڈا جاری، میرٹ پر فیصلے کئے جائیں ،انتظامیہ

ملتان (خصوصی رپورٹر)بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی کے سلیکشن بورڈ کا دو روزہ اجلاس آج سے یونیورسٹی کیمپس میں شروع ہو گیا ہے ، جس میں ترقیوں اور تقرریوں سے متعلق تفصیلی ایجنڈا زیر غور آئے گا۔اجلاس 14اور 15مئی 2026 کو جاری رہے گا جس میں مختلف شعبہ جات کے اساتذہ کی ترقیوں، اسسٹنٹ پروفیسرز کی مستقل تقرریوں اور انتظامی عہدوں پر پروموشنز کے معاملات کا جائزہ لیا جائے گا۔ پہلے روز متعدد انسٹی ٹیوٹس اور شعبہ جات کے پروفیسرز اور ایسوسی ایٹ پروفیسرز کی ترقیوں کے کیسز پیش کئے جائیں گے ۔اسی روز مختلف شعبوں میں اسسٹنٹ پروفیسرز کی تقرریوں کے لئے امیدواروں کے انٹرویوز بھی ہوں گے جن میں ایگرونومی، زرعی انجینئرنگ، فزکس، شماریات، مائیکرو بایولوجی اور ریاضی سمیت کئی شعبے شامل ہیں۔دوسرے روز 15 مئی کو مزید ترقیاتی کیسز اور تقرریوں کے انٹرویوز ہوں گے جبکہ ڈپٹی رجسٹرار، ڈپٹی ٹریژرر اور ڈپٹی کنٹرولر امتحانات کو ایڈیشنل عہدوں پر ترقی دینے کے معاملات بھی زیر غور آئیں گے ۔اجلاس کے اختتام پر مقامی اور غیر ملکی ماہرین کی فہرستوں کی منظوری بھی دی جائے گی۔دوسری جانب اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن پر بعض الزامات بھی سامنے آئے ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ بعض کیسز پر غیر معمولی اثر و رسوخ کے دعوے کیے جا رہے ہیں۔ تاہم یونیورسٹی انتظامیہ اور متعلقہ حلقوں کی جانب سے میرٹ اور شفافیت برقرار رکھنے پر زور دیا جا رہا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں