جودھ پور:باؤلے کتے کا حملہ، پندرہ سے زائد افراد زخمی

جودھ پور:باؤلے کتے کا حملہ، پندرہ سے زائد افراد زخمی

واقعہ ککڑہٹہ روڈ پر پیش آیا ،شہریوں کا انتظامیہ سے فوری کارروائی کا مطالبہ

جودھ پور ،چوپڑ ہٹہ ،بارہ میل(نمائندہ دنیا)کبیروالا میں آوارہ اور باؤلے کتوں کی بڑھتی تعداد شہریوں کے لیے خطرہ بن گئی۔ ککڑہٹہ روڈ پر باؤلے کتے کے حملے میں پندرہ سے زائد افراد زخمی ہو گئے ، جنہیں فوری طور پر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کبیروالا منتقل کر دیا گیا، جبکہ مشتعل شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت کتے کو ہلاک کر دیا۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ککڑہٹہ روڈ پر ایک باؤلے کتے نے راہگیروں پر حملہ کر دیا اور پندرہ سے زائد افراد کو کاٹ لیا۔ واقعہ کے بعد زخمی افراد کو فوری طبی امداد کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کبیروالا منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے ۔ مقامی شہریوں نے خوف و ہراس کے ماحول میں اپنی مدد آپ کے تحت کتے کو ڈنڈوں اور اینٹوں کی مدد سے مار ڈالا۔شہریوں کا کہنا ہے کہ چند ماہ قبل پنجاب حکومت کی جانب سے آوارہ اور باؤلے کتوں کے خاتمے کے لیے خصوصی مہم شروع کی گئی تھی۔

جس کے لیے کروڑوں روپے کے فنڈز بھی جاری کیے گئے ، تاہم کبیروالا میں اس مہم کے مطلوبہ نتائج سامنے نہیں آ سکے ۔ ان کا الزام ہے کہ متعلقہ اداروں کی کارکردگی عملی اقدامات کے بجائے فوٹو سیشن اور کاغذی کارروائی تک محدود رہی۔اہلیان کبیروالا نے بتایا کہ اس سے قبل بھی کتے کاٹنے کے متعدد واقعات پیش آ چکے ہیں، جس سے شہریوں میں تشویش پائی جاتی ہے ۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ واقعہ کا فوری نوٹس لیا جائے ، ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے اور آوارہ کتوں کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات یقینی بنائے جائیں تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ہو سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں