چوری کی کوشش ناکام، مزاحمت پر شہری اینٹ لگنے سے زخمی
رحیم یارخان(نمائندہ خصوصی ) چوری کی نیت سے گھر میں داخل ہونے والے دو ملزمان نے مزاحمت کرنے پر اینٹ مار کر 40 سالہ مالک کو شدید زخمی کردیا جبکہ اہل علاقہ نے ایک ملزم کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔
تفصیل کے مطابق گزشتہ روز چک 21 میں دو نامعلوم ملزمان چوری کی نیت سے ایک گھر میں داخل ہوئے ۔ گھر میں موجود 40 سالہ طارق جاوید نے ایک ملزم کو پکڑنے کی کوشش کی تو ملزم نے اینٹ مار کر اسے شدید زخمی کردیا اور موقع سے فرار ہوگیا۔ شور واویلا ہونے پر اہل علاقہ موقع پر پہنچ گئے اور ایک ملزم کو قابو کرکے پولیس کے حوالے کردیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ زخمی طارق جاوید کو ریسکیو اہلکاروں کی مدد سے طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں اسے علاج معالجہ فراہم کیا جارہا ہے ۔